مجھ سے کہتی تھیں وہ شراب آنکھیں آپ وہ زہر مت پیا کیجے | جون ایلیا




کس سے اظہار مدعا کیجے

آپ ملتے نہیں ہیں کیا کیجے


آپ تھے جس کے چارہ گر وہ جواں

سخت بیمار ہے دعا کیجے


ایک ہی فن تو ہم نے سیکھا ہے

جس سے ملیے اسے خفا کیجے


ہے تقاضا مری طبیعت کا

ہر کسی کو چراغ پا کیجے


زندگی کا عجب معاملہ ہے

ایک لمحے میں فیصلہ کیجے


مجھ کو عادت ہے روٹھ جانے کی

آپ مجھ کو منا لیا کیجے


مجھ سے کہتی تھیں وہ شراب آنکھیں

آپ وہ زہر مت پیا کیجے


...........جون ایلیا

Post a Comment

0 Comments